استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں ملک کو ٹھیک کرنے کا کیا طریقہ ہے، جب تک غربت نہیں مٹائی جائے گی ملک آگے نہیں بڑھے گا۔
کامونکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ میں سیاسی خاندان سے وابستہ نہیں ہوں، ہم غیر سیاسی لوگ تھے، ہم سب لوگوں نے مل کر اس شخص کو سپورٹ کیا تاکہ نیا پاکستان بنے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ اب آگے بڑھنے کا وقت ہے، ہم نے ماضی سے بہت سیکھا، اپنی محنت سے ایمانداری کے ساتھ یہاں پہنچے ہیں۔ آپ لوگوں کی زندگی بدلے گی تو پاکستان بدلے گا۔
پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ تمام اسپتالوں کو ایسا بنائیں گے کہ باہر کے لوگ آکر دیکھیں گے سرکاری اسپتال کیسے ہوتے ہیں، پوری محنت کے ساتھ اپنے ٹارگٹ کو پورا کریں گے، پاکستان کو ایسا زرعی ملک بنائیں گے کہ دنیا دیکھے گی، صنعت کاری میں ایسے لوگوں کو لائیں گے جو یہاں فیکٹریاں لگائیں۔
جہانگیر ترین نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتیں وعدے کرتی ہیں لیکن ان کی نیت نہیں ہوتی پورے کرنے کی۔ ہم اپنے وعدے پورے کریں گے، ہر گھر میں معیاری تعلیم ہونی چاہیے، ہم اپنی حکومت میں تمام سرکاری اسکولوں کو بہتر بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی 10 سے 12 سال نیا پاکستان بنانے کی کوشش کی، اب میں نئے پاکستان کی بات نہیں کرتا وہ بات ختم ہوگئی، اب ہم ایک بہترین پاکستان بنائیں گے۔
Comments are closed.