متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمیں 5 سال مل گئے تو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا بوریا بستر گول ہوجائے گا۔
کورنگی میں ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اقتدار ہمارے پاس آیا تو پی پی کو لاڑکانہ سے بھی ووٹ نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں متحدہ کے 29 تنظیمی ٹاؤن ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ یہ پورے کراچی کا جلسہ ہے ہمارے ہر ٹاؤن کا جلسہ اسی علاقے کی عوام پر مبنی ہوتا ہے۔
سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ کامیاب جلسے دیکھ کر مخالفین کہتے ہیں یہ پورے سندھ کا جلسہ ہے، سندھ حکومت 3 ادوار سے ان کے پاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو صرف پانچ سال مل گئے تو ہم اپنے کام سے پیپلز پارٹی کا بوریا بستر گول کردیں گے، ایک بار سندھ کا اقتدار ہمارے پاس آجائے لاڑکانہ میں بھی آپ کو کوئی ووٹ نہیں دے گا۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ دنیا چاند پر جارہی ہے اور میرے شہر کے بچے گٹر میں گر کر جاں بحق ہو رہے ہیں، مجھے میرے سرکاری اسکولوں کا اختیار میری گلی محلوں میں چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے میری پولیس کا اختیار میرے گلی محلوں کے نمائندوں کے ہاتھ میں چاہیے، اب وزارتوں پر بات نہیں ہوگی، اب ہمیں صرف اختیارات عوام کے ہاتھ میں چاہئیں۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ صوبائی خودمختاری وزیراعلیٰ ہاؤس کےلیے نہیں دی گئی تھی، صوبائی خودمختاری نے میرے شہر اور ٹاؤن کے نوجوانوں کو بیروزگار کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میرے نوجوان ڈگریاں لے کر در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، آئی ایم ایف اس ملک کو اس دلدل سے نہیں نکال سکتا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی ملک کو اس معاشی دلدل سے ایک سال میں نکال دےگا، اس مینڈیٹ کی قدر کریں اور ہمیں اسمبلی میں آئینی ترمیم کرکے دیں، یہ تمام اختیارات ایک آدمی کے پاس نہیں رہنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب نے ابھی اپنا کیریئر اسٹارٹ ہی کیا ہے، پی پی چیئرمین نے کراچی کی قیادت غلط لوگوں کے ہاتھ میں دے دی، یہ لوگ آپ کو وزارت عظمیٰ کی کرسی سے دور لے جارہے ہیں۔
Comments are closed.