منگل 27؍محرم الحرام 1445ھ 15؍اگست 2023ء

ہمیں دھوکا مل رہا ہے کب تک کھاتے رہیں گے؟ اٹھنا ہوگا، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ خالد مقبول بھائی سمیت سب کو جو مل رہا ہے وہ دھوکا ہے، ہم کب تک دھوکا کھاتے رہیں گے، ہمیں اپنے حق کے لیے اٹھنا ہوگا۔

گورنر سندھ کی قیادت میں قافلہ آزادی ریلی کے شرکاء مزار قائد پہنچے، اس موقع پر منعقدہ تقریب میں کنوینر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان خالد مقبول صدیقی، سینیٹر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر کامران ٹیسوری نے حاضرین کے ساتھ پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا۔

تقریب سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 10 ماہ کے مختصر عرصہ گورنر سندھ کے اقدامات مثالی ہیں۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کے بیٹے کامران ٹیسوری نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، کراچی کو اس کا حق دلا کر رہیں گے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خطاب میں کہا کہ میرے بچے بھی تقریب میں شریک ہیں، خالد مقبول صدیقی کا بیٹا مصطفیٰ بھی یہاں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کے وعدے کرتے تھے ان کے بچے یہاں نہیں۔ شہر میں پانی نہیں آرہا، ذمے داروں کو شرم بھی نہیں آرہی۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ بجلی گیس نہیں آرہی جبکہ بل بڑے بڑے آ رہے ہیں، بجٹ میں عوام کےلیے 2 ہزار 275 ارب روپے رکھے جاتے ہیں، پوچھتا ہوں کیا ہم میں سے کسی پر بھی اس میں ایک روپیہ خرچ ہوتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ مزار قائد پر حاضری کے بعد نگراں وزیر اعظم کی حلف برداری میں گیا، شدید بارش تھی، مجھے آنے سے منع کیا گیا اور کہا گیا کہ اپنے رسک پر جائیں۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ میری اہلیہ اور بچے بھی ساتھ تھے، اس لیے واپس آیا کیونکہ میں آپ کے درمیان رہنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ٹیسٹ میں کامیاب نہ ہونے والے ساڑھے 4 لاکھ امیدوار مایوس نہ ہوں۔ اُنہیں میٹا ورس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ویب تھری کے آن لائن کورسز کروائے جائیں گے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ آئی ٹی کورسز کا رزلٹ فوری طور پر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لگایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے آپ سے کوئی وعدہ نہیں کیا تھا، نہ گورنر ہاؤس کھولنے کا نہ آئی ٹی کورسز کا وعدہ کیا لیکن آج ایک وعدہ کرتا ہوں، جب تک آپ اپنے پیروں پر کھڑے نہیں ہوجاتے آپ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.