وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ شہید بھٹو کا آئین اقلیتوں کو برابر کا شہری تصور کرتا ہے، ہمیں جناح اور بھٹو کا پاکستان بنانا ہے، جس میں ہر شہری برابر ہو۔
شیری رحمٰن نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ قائد اعظم نے11 اگست 47 کو پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی سے تاریخی خطاب کیا، قائداعظم نے اس تقریر میں واضح کر دیا تھا وہ کیسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔
شیری رحمٰن نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ جناح نے ایسے پاکستان کی بنیاد رکھی جہاں اکثریت اور اقلیت کو برابر کےحقوق ملیں، جناح نے خطاب میں واضح کر دیا تھا کہ وہ اکثریت اور اقلیت میں تفریق نہیں چاہتے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ 2009ء میں سابق صدر آصف زرداری نے 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن منانے کا اعلان کیا تھا۔
شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے1973میں اقلیتوں کے حقوق اور آزادیوں کو آئین کا حصہ بنایا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1988 میں اقلیتوں کے حقوق پر خصوصی توجہ دی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ قائداعظم نے مساوات، ہم آہنگی اور ترقی پسند سوچ پر زور دیا، اقلیتوں کا تحفظ، ان کے حقوق اور آزادیوں کو یقینی بنانا ریاست اور ہرشہری کا آئینی اور قومی فرض ہے۔
Comments are closed.