اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر اعتراضات ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ نہیں صرف مہینہ بتایا ہے، ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں، ہم نے ہمیشہ الیکشن لڑے اور جیتے ہیں۔
آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن لڑتے آئے ہیں، بینظیر شہید کے زمانے میں پنجاب سے سوئپ کیا، آمنے سامنے والی بات پولیٹیکل گیمنگ ہیں، ہم تلوار نکال کر لڑنا شروع نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ملک واپس آنا چاہیے اور ہر لیڈر کو یہاں ہونا چاہیے، پارٹی لیڈر کو اپنی پارٹی کو لیڈ کرنا چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب تک آپ گراؤنڈ پر نہیں ہوتے آپ کو پتہ نہیں ہوتا کیا ہو رہا ہے۔
دوسری جانب آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
احتساب عدالت نے کہا کہ نیب ترامیم سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی مناسبت سے معاملات دیکھنے ہیں۔
عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء سے دلائل طلب کر لیے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کا اعلان کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروا دیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کےاعلامیے میں کہا گیا تھا کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد 30 نومبر کو حتمی فہرست دی جائے گی۔
Comments are closed.