پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ہمارے موقف کی عدالت کے فیصلوں نے تصدیق کی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ دوران سماعت دوسری سائیڈ کے وکیل صرف فل کورٹ کی استدعا کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کیس کے میرٹ کے اوپر دوسری سائیڈ کے وکلاء بات نہیں کر رہے تھے، ہمارے موقف کی عدالت کے فیصلوں نے تصدیق کی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز کو اس کرسی پر بیٹھنے کے پہلے بھی دن ملے، اب اور دن مل رہے ہیں، عدالت نے ان کو مزید موقع دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ 2 دن سے پریس کانفرنسز میں کہہ رہے ہیں عدلیہ اچھی نہیں، امید ہے کہ کل حتمی فیصلہ ہوجائے گا اور جیت سچ کی ہوگی۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ عدالت پوچھتی رہی کہاں لکھا ہے کہ فیصلہ جماعت کا سربراہ کرے گا؟ عدالت نے انہیں بہت وقت دیا لیکن ان کے پاس جواب کچھ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کل عدالت نے آخری موقع دیا ہے، حمزہ شہباز وزیراعلی پنجاب کبھی منتخب ہوا ہی نہیں تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دلیل کوئی نہیں، صرف بات جذبات اور سیاست کی ہو رہی ہے، تحریک انصاف آئین اور قانون کا احترام کرنے والی جماعت ہے۔
Comments are closed.