پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے ارکان کو کون غائب کرے گا؟ کیوں غائب ہوں گے، رانا ثناء اللّٰہ کا بیان بہت افسوسناک ہے۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، ہمیں عددی اکثریت حاصل ہے، ہمیں 188 ارکان کی حمایت حاصل ہے، حکمران اتحاد ہماری اکثریت تسلیم نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی ہمارے امیدوار ہیں، انشاء اللّٰہ کامیاب ہوں گے، ہمیں افسوس ہے کہ انتظامیہ نے 25 مئی کو افسوسناک رویہ اپنایا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ انتظامیہ اب وہ رویہ نہیں اپنائے گی، امید ہے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا مرحلہ آئینی طریقے سے حل ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مریم بی بی نے کھلے دل سے شکست تسلیم کرنے کا بیان دیا، اگر کھلے دل سے شکست تسلیم کی گئی ہے تو پھر یہ ہتھکنڈے کیوں؟
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ سندھ کی گورننس کا موازنہ کیا جائے تو پنجاب کی ہماری کارکردگی بہتر نظر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ایجنڈا پاکستان نہیں، اپنی کرسی اور مفادات ہیں، آصف زرداری کے مشوروں پر چلتے ہوئے یہ نوبت آئی ہے، یہ لوگ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے نہیں آئے۔
Comments are closed.