بدھ 23؍ذوالحجہ 1444ھ12؍جولائی 2023ء

ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو گی: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو گی، الیکشن اکتوبر، نومبر میں جب بھی ہوں گے الیکشن کمیشن اس کا اعلان کرے گا۔

انہوں نے پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور قومی نصاب میں اصلاحات کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی حکومت عوام کے ووٹوں سے آئے وہ تعلیم کو پہلی ترجیح دے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ آج آئی ایم ایف کے بورڈ کی میٹنگ ہے، دعا کریں آج آئی ایم ایف پروگرام منظور ہو جائے، یہ لمحۂ فخریہ نہیں لمحۂ فکریہ ہے، ہمسائیہ ممالک ہم سے کہیں آگے نکل گئے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تعلیم کے ذریعے دنیا نے ترقی کی، 2008ء میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا آغاز کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ وظائف سے ہزاروں غریب طلباء نے اپنی تعلیم مکمل کی، ہمیشہ تعلیمی وظائف کو بڑھانے کی کوشش کرتا رہا ہوں، آئندہ جو بھی حکومت آئے تعلیمی وظائف کی رقم میں اضافہ کرے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ مشکل دور بہت جلد گزر جائے گا، پاکستان مستحکم ہو گا، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈز پر ملک بھر کے طلباء کا حق ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ملک کی لاکھوں بچیاں کم وسائل کے باوجود اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کوشاں ہیں، وظائف کے لیے کم ترقی یافتہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے، وقت آ گیا ہے کہ تعلیم پر مکمل توجہ دیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.