جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ ہماری جماعت کی خواہش ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو صدر بنایا جائے، اتحادی جماعتوں کا اس بارے میں جو بھی فیصلہ ہو گا ہمیں قبول ہو گا۔
قلات میں وفود اور میڈیا سے گفتگو کےدوران جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے اقتدار میں آنے کے باوجود اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت کا کوئی وژن نہیں تھا، اس نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا،بلکہ اس نے ہمارے دوست ممالک کو بھی ناراض کیا۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ عمران خان سے قانون اور جمہوری طریقے سے نمٹنے کے لیےتیار ہیں، افسوس کچھ نادان اب بھی پی ٹی آئی کی ترجمانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن اصلاحات کے بعد ملک میں عام انتخابات جلد ہونا چاہئیں، معیشت بہتر کر کے ہمیں الیکشن کی طرف جانا ہے۔
سیکریٹری جنرل جے یو آئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
Comments are closed.