وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی جماعت ہے، اتحادیوں کے ساتھ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں، فیصلہ سازی کے عمل میں ق لیگ کو شریک کیا گیا، چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ہر معاملے میں حکومت کو بھرپور سپورٹ کرتے رہے ہیں، آئندہ بھی کریں گے تاہم عوام کی بہتری کیلئے وزیراعظم کو مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور وفاقی وزیر مونس الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں اتحادی معاملات کو احسن انداز میں آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا اور ملکی سیاسی صورتحال و باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں ، مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی ۔
چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان ملکی معاملات کو احسن انداز سے آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں، حکومت کے اتحادی ہونے کے ناطے ہر معاملے میں حکومت کی بھرپور سپورٹ کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے ۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام کی بہتری کیلئے وزیراعظم کو مشکل فیصلے کرنا ہوں گے ، مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں ، ملک و قوم کی ترقی کیلئے معیشت میں بہتری بہت ضروری ہے ، موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔
Comments are closed.