جمعہ 23؍محرم الحرام 1445ھ11؍اگست 2023ء

ہر طرح کے جبر کا مقابلہ کیا، کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں، فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہر طرح کے جبر کا مقابلہ کیا، ہمارے کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج باجوڑ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فضل الرحمان نے کہا کہ قوموں پر آزمائشیں آتی ہیں ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، جنہوں نے ورکرز کنونشن کو ٹارگٹ کیا، انہوں نے ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ باجوڑ دھماکا قومی سانحہ ہے اس پر پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہونی چاہیے، صبر و تحمل اور دلیل کے ساتھ یہ جنگ ہم جیتیں گے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا خون بہانے پر فخر کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، جے یو آئی نہ اپنا نظریہ چھوڑے گی اور نہ اپنے رویے سے ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آپے سے باہر نہیں جانا، دہشتگردی کا جواب دہشتگردی سے نہیں دینا، سیاسی قوت اور برداشت کے ساتھ یہ جنگ جیتیں گے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ بروقت الیکشن کے لیے بروقت حکومت چھوڑ رہے ہیں، ہم بروقت حکومت چھوڑ رہے ہیں، نگراں حکومت بنے گی، ہماری کوشش ہے عام انتخابات بروقت ہوں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.