افغان صوبے ہرات میں افغان وزارت امر بالمعروف، نهی عن المنکر کے حکام نے اختتام ہفتہ پر موسیقی کے سیکڑوں آلات بشمول گٹار، طبلہ اور اسپیکر ضبط کرلیے۔
ہرات سے افغان میڈیا کے مطابق ہرات شہر اور مختلف اضلاع سے ضبط کیے گئے موسیقی کے لاکھوں ڈالر مالیت کے آلات کو ہفتے کے دن جلا دیا گیا۔
اس حوالے سے ہرات میں وزارت امر بالمعروف، نهی عن المنکر کے صوبائی محکمے کے سربراہ عزیز الرحمان المہاجر نے کہا کہ موسیقی کو فروغ دینا اخلاقی بدعنوانی کے زمرے میں آتا ہے اور اس کی وجہ سے نوجوان گمراہی کی جانب راغب ہوتے ہیں۔
افغان میڈیا نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ محکمہ اخلاقیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موسیقی کے آلات کی فروخت حرام ہے اور فروخت کرنے والے کو سزا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اگست 2021 میں کابل پر قبضے کے بعد سے طالبان حکام نے ایسے قوانین کا نفاذ کیا ہے جس کے تحت عوامی مقامات پر موسیقی کے آلات بجانے پر پابندی ہے۔
Comments are closed.