ہاتھی کیلے شوق سے کھاتے ہیں لیکن عموماََ وہ کیلوں کو انسانوں کی طرح سے چھیل کر نہیں بلکہ چھلکے سمیت ہی کھاجاتے ہیں مگر اب برلن کے ایک چڑیا گھر میں موجود ہتھنی نے کیلے کو چھیلنا سیکھ لیا ہے۔
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر ایک ہتھنی کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔
اس وائرل ویڈیو میں برلن کے چڑیا گھر کی ایک ہتھنی کو بہت مہارت کے ساتھ اپنی سونڈ کے استعمال سے کیلا چھیل کر کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گوریلا اور چمگادڑوں میں بھی یہی صلاحیت دیکھی گئی ہے۔
ویڈیو میں کیلا چھیل کر کھاتی اس ہتھنی کا نام پینگ فا ہے اور اسے بغیر چھلکے کے کیلا کھانا پسند ہے۔
ہتھنی کی اس مہارت پر سائنسدانوں نے غور کیا تو پتہ چلا کہ وہ کیلے کو اپنی سونڈ میں پھنسا کر جھٹکا دیتی ہے اور پھر سونڈ سے ہی اس کا چھلکا پکڑ کر کیلے کو زمین پر دے مارتی ہے اور اس عمل کے دوران کیلے کا گودا چھلکے سے باہر آجاتا ہے جسے وہ ہڑپ کرجاتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ہتھنی کو کیلے کا چھلکا اتارنا سیکھانے کے لیے باقاعدہ کوئی تربیت نہیں دی گئی بلکہ اس نے برلن چڑیا گھر کے عملے اور وہاں آنے والے لوگوں کو دیکھ کر کیلے کا چھلکا اتارنا سیکھا ہے۔
صرف اتنا ہی نہیں یہ ہتھنی کیلوں کی مختلف اقسام کی پہچان بھی کرلیتی ہے اور ہر طرح کا کیلا نہیں کھاتی بلکہ اسے صرف مکمل پکے ہوئے سبز اور پیلے چھلکے والے کیلے کھانا پسند کرتی ہے۔
اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہاتھیوں میں انسانوں کی طرح مشکل کام سیکھنے اور چیزوں کا مشاہدہ کرنے کی غیرمعمولی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے۔
Comments are closed.