ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر کنور ایوب نے کہا ہے کہ ہتھنی نور جہاں کی آئی سی یو کے مریض جیسی کیفیت ہے۔
کراچی میں فوپاز کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کنور ایوب نے کہا کہ فورپاز کی ٹیم نے کہا تھا ہتھنی نورجہاں کی آئی سی یو کے مریض جیسی کیفیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہتھنی کو تمام ادویات وغیرہ سب فورپاز ٹیم کی ہدایات پر دی جارہی ہیں۔
لیگل کنسلٹنٹ فور اویس اعوان نے کہا کہ تمام انتظامیہ کا شکریہ جو پچھلے 4 دنوں سے مسلسل کام کر رہی ہے، نورجہاں ہار نہیں مان رہی تو ہم بھی ہار نہیں مانیں گے، آج کا دن بہت اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بڑا جانور گر جائے تو کھڑا کرنا مشکل ہے، ہتھنی نورجہاں پہلے کیسے گری ہمیں نہیں معلوم ہے لیکن اب بہتر ہو رہی ہے۔
اس سے قبل ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر نے کہا تھا کہ نورجہاں علیل ہے پر خطرے کی بات نہیں، ہتھنی جلد صحت کی جانب گامزن ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ نورجہاں شدید علیل ہے لیکن خطرے کی کوئی بات نہیں۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق ہتھی کی حالت میں معمولی بہتری آئی ہے، نور جہاں کو رات میں کرین سے چلانے کی کوشش بھی کی گئی۔
Comments are closed.