ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے ہاکی کامیاب کوچ رولینٹ آلٹمنز پھر پاکستان آرہے ہیں اس بار وہ قومی ہاکی ٹیم کے لیے نہیں بلکہ ہاکی اکیڈمی کی کوچنگ کے لیے 14 جون کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
پاکستان میں پہلی بار ہاکی کی کسی اکیڈمی نے کھلاڑیوں کی جدید ٹریننگ کے لیے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کی ہیں وہ بھی ہالینڈ کے سب سے کامیاب رولینٹ آلٹمنز کی۔
رولینٹ آلٹمنز کی کوچنگ میں ہالینڈ اولمپکس، ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی کے ٹائٹل جیت چکی ہے، آلٹمنز پاکستان کے بھی دو بار کوچ رہ چکے ہیں۔
لاہور میں قائم رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کے ڈائریکٹر رانا ظہیر نے جیو کو بتایا کہ گزشتہ 15 سالوں میں ان کی اکیڈمی کے 30 کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جو ایک اعزاز ہے۔
رانا ظہیر نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو ماڈرن ہاکی سے آگاہی کے لیے رولینٹ آلٹمنز کو بلانا چاہتے تھے جس کے لیے پنجاب اسپورٹس بورڈ نے بھرپور کردار ادا کیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اُن کی کوششوں کی بدولت ان کی اکیڈمی غیر ملکی کوچ کو پاکستان مدعو کر رہی ہے۔
ڈچ کوچ اکیڈمی کے علاوہ پنجاب اسپورٹس بورڈ کے منتخب کردہ 50 سے زائد بچوں کو بھی ٹریننگ دیں گے۔
رانا ظہیر نے بتایا کہ رولینٹ آلٹمنز 14 جون کو پاکستان آئیں اور جولائی میں واپس چلے جائیں گے کوشش کریں گے کہ وہ ہر سال پاکستان آئیں تاہم اس کا حتمی فیصلہ ان کے پاکستان آنے کے بعد کیا جائے گا۔
Comments are closed.