اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اعتراف کیا ہے کہ ہاؤس میں ہماری بہت کم اکثریت ہے، جس کی وجہ سے ہمیں قانون سازی میں چیلنجز کا سامنا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کو پاکستان کا جتنا درد ہے یہاں رہنے والوں کو اتنا نہیں ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی پوری دنیا میں پاکستان کے سفیر ہیں، ہماری معیشت بیرون ملک پاکستانیوں کی وجہ سے چل رہی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کا بل پاس کروایا۔
تقریب میں موجود ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے آزاد خارجہ پالیسی متعارف کروائی۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر میں صحت کارڈ کے ذریعے فلاحی کام کیا، تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس وصولیاں ہمارے دور میں ہوئیں۔
اس موقع پر مشیر سمندر پار پاکستانیز ایوب آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، لٹیرے اور چوروں نے پاکستان کے وقار کو ٹھیس پہنچائی۔
ایوب آفریدی نے کہا کہ اپوزیشن ناکام لوٹےگی، عمران خان 2023 میں بھی کامیاب ہوں گے، اپوزیشن نے حکومت میں رہ کر سمندر پار پاکستانیوں کی مدد نہیں کی، اپوزیشن کو معلوم ہے سمندر پار پاکستانی عمران خان کے ساتھ ہیں۔
Comments are closed.