جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

گیلانی کی جیت سے ثابت ہوگا پارلیمنٹ PDM کے ساتھ ہے، بلاول

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جمہوری مدت کا فارمولا منتخب حکومت پر اپلائی ہوتا ہے ’چنتخب‘ پر نہیں، اوپن بیلٹ کا فیصلہ کرنا پارلیمان کا کام ہے، عدالت کا نہیں، بلاول بھٹو نے کہا کہ ناراض اتحادیوں کو زبردستی باندھا گیا ہے، یوسف رضا گیلانی کی جیت سے ثابت ہوگا پارلیمنٹ بھی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔

جاتی امرا میں مریم نواز اور بلاول بھٹو نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں بلاول بھٹو نے کہا کہ لیگی قیادت سے سینیٹ الیکشن پر بات ہوئی ہے،ضمنی الیکشن میں ثابت ہوگیا کہ عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یوسف رضا گیلانی سے متعلق بات چیت کی ہے، گیلانی کی کمپیئن بہت اچھی چل رہی ہے، یوسف رضا گیلانی پر اعتماد پر مسلم لیگ نون کے شکر گزار ہیں، کٹھ پتلی حکومت کے ممبران کو بھی پی ڈی ایم نے عزت دلائی ہے۔

بلاول نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت سے ثابت ہوگا پارلیمنٹ بھی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے،یوسف رضاگیلانی نے لیڈر آف ہاؤس کا کردار بہترین انداز میں انجام دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے ہر کونے سے ضمنی الیکشن میں حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے،عوام نے ضمنی الیکشن میں حکومت کو مسترد کیا، یہ بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں،پی ڈی ایم کا مقصد ملک میں حقیقی جمہوریت بحال کرنا ہے ۔

بلاول نے کہا کہ ضروری ہے ہر ادارہ اپنا آئینی کردار ادا کرے،امید کرتے ہیں ممبران پارلیمنٹ عوامی امیدوں کے مطابق ووٹ دیں گے،ارکان پارلیمنٹ ٹیکنو کریٹ کو ووٹ نہیں دیں گے، ووٹ مانگنے کے لیے ہر رکن سے رابطہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن اور عدم اعتماد میں بہت فرق ہے، ہم لانگ مارچ کریں گے یہ فیصلہ کریں گے اس حکومت کو کس طرح ہٹانا ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری انداز میں اپوزیشن کی ہے۔

ضمنی انتخاب میں حکومت کو بری طرح شکست ہوئی ہے، حکومت کو ہر میدان میں چیلنج کریں گے، حکومت کو سینیٹ میں چیلنج کریں گے،نااہل حکمران ملک کے لئے بوجھ بنا ہوا ہے، اس نے ملک کو تاریخی غربت میں دھکیل دیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر ادارہ اپنا آئینی و جمہوری کردار اپنائے، کامیابی فورا نہیں ملے گی، ہمیں مسلسل کام کرنا ہوگا، کٹھ پتلی کو گھر بھیج دیں گے، امید ہے ممبران پارلیمان عوام کی امیدوں کے مطابق ووٹ دیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ جائز حکومتوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے، اس وقت سلیکٹڈ نظام کا مقابلہ کررہے ہیں، جو مسلط کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ ابھی تک جیل میں ہیں، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، حمزہ شہباز کی ضمانت کی اچھی خبر ملی ہے، حمزہ شہباز کی ضمانت پر انہیں مبارک باد دیتے ہیں۔

مریم نواز نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا 

مشترکہ پریس کانفرنس میں مریم نواز نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بلاول بھٹو، یوسف گیلانی اور پیپلزپارٹی وفد کا شکریہ اداکرتی ہوں، یوسف رضا گیلانی کو جمہوریت پسند لوگ چاہتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ تحریک انصاف عوام کی مجرم جماعت ہے عمران خان قوم کا مجرم ہے، عوام پر روز مہنگائی کی صورت میں قیامت ٹوٹتی ہے،ان کی پارٹی میں ہر صوبے میں بغاوت ہوچکی ہے۔

نون لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ مریم نواز باہر جانے کو راضی ہوتی تو ایک اور جھوٹا مقدمہ کھولنے کی ضرورت پیش نہ آتی،اگر ترمیم لانی ہے تو وہ پارلیمنٹ کے ذریعے آئے گی،یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے امیدوار ہیں، گیلانی کو سب جمہوریت پسند ، پسند کرتے ہیں، جو لوگ عوام کے ساتھ ہیں یوسف رضا گیلانی ان کے امیدوار ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان عوام کا مجرم ہے، تین سال میں عوام کی زندگی تنگ کردی گئی ہے، حکومت کی سپورٹ ختم ہوتی نظر آرہی ہے، ہم صرف اور صرف سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں، ہم نے مل کر فیصلہ کیا کہ ضمنی انتخاب لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اوپن بیلٹ کا فیصلہ کرنا ہے تو یہ پارلیمان کا کام ہے، عدالت کا نہیں، یہ عدالت کو داغدار کرنے والی بات ہے، اس سے اجتناب کرنا چاہئے، آئین میں تبدیلی پارلیمان نے لانی ہے، ہم جعلی حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.