مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتیں سب کے لیے نہیں بڑھیں۔
ایک بیان میں مصدق ملک نے کہا کہ کوئی بھی ملک مہنگی گیس خرید کر سستی فروخت نہیں کر سکتا، گیس تو مہنگی ہو گی۔
مصدق ملک کا کہنا ہے کہ فرٹیلائزر کے کارخانوں کو ابھی بھی 200 روپے کی گیس دے رہے ہیں، سعودی عرب ، قطر کارخانوں کو 2 سے 4 ڈالر کی گیس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرٹیلائزر کے کارخانے 50 فیصد منافع کما رہے ہیں جبکہ دنیا میں فرٹیلائزر کے کارخانے 7 فیصد منافع کماتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کہتا ہے مہنگی گیس خرید کر سستی نہ بیچیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 25 سے 90 مکعب میٹر تک گیس کے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے قیمت نہیں بڑھائی گئی تاہم پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکس چارجز 10 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کر دیے گئے ہیں۔
Comments are closed.