پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) یوتھ ونگ کے رہنما خواجہ بلال منصور نے گھر پر پولیس چھاپے کے خلاف بوٹ بیسن تھانے میں درخواست جمع کروادی۔
درخواست میں کہا گیا کہ گزشتہ روز شام ساڑھے 7 سے 8 بجے کے درمیان پولیس میرے گھر پہنچی، والدہ سے میرے بارے میں پوچھ گچھ کی، میں گھر پر نہیں تھا۔
درخواست کے متن میں کہا گیا کہ پولیس اہلکاروں نے والدہ کو بتایا خواجہ بلال منصور کو گرفتار کرنے آئے ہیں، میری عدم موجودگی پر پولیس کچھ دیر گھر کے باہر کھڑی رہی پھر چلی گئی۔
متن میں کہا گیا کہ جاننا چاہتا ہوں گھر پر پولیس کیوں آئی؟ کوئی مقدمہ ہے تو بتائیں، پولیس کو گرفتاری دینے کے لیے تیار ہیں، مقدمہ کس کی ایما پر قائم کیا گیا، میرے گھر پر آنے والے تمام اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خواجہ بلال منصور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں ہے، پی ٹی آئی کارکنان دہشت گرد نہیں ہیں، ہمارے کارکنان اور ذمے داران کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔
خواجہ بلال نے کہا کہ پولیس نے بتایا کہ غلط فہمی کی بنیاد پر چھاپا مارا گیا، والد نے کوئی قبضہ نہیں کیا جو مقدمہ بنایا گیا اس میں ضمانت ہوچکی ہے۔
Comments are closed.