بدھ 7؍محرم الحرام 1445ھ26؍جولائی 2023ء

گھریلو صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی کی قیمت 42 روپے 72 پیسے تک پہنچ گئی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف سے متعلق وفاقی حکومت کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔

گھریلو صارفین کےلیے فی یونٹ بجلی کی قیمت 42 روپے 72 پیسے تک پہنچ گئی۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ 200 یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ صارفین کےلیے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط کی وجہ سے بجلی کے نرخ بڑھانے پڑے۔

اتھارٹی کے مطابق 1 سے 100 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کےلیے فی یونٹ بجلی 3 روپے مہنگی کردی گئی جس کے بعد ان کےلیے فی یونٹ کی نئی قیمت 16 روپے 48 پیسے ہوگی۔

اسی طرح 101 سے 200 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کےلیے فی یونٹ بجلی 4 روپے مہنگی ہو کر 22 روپے 95 پیسے فی یونٹ ہوگی۔

نیپرا کے مطابق 201 سے 300 یونٹ ماہانہ کے گھریلو صارفین کےلیے بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگی، جس کے بعد ان صارفین کےلیے نئی قیمت 27 روپے 14 پیسے فی یونٹ ہوگی۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 301 سے 400 یونٹ ماہانہ استعمال پر بجلی 6 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوگی، 301 سے 400 یونٹ ماہانہ استعمال پر بجلی کی نئی قیمت 32 روپے 3 پیسے فی یونٹ ہوگی۔

وزیراعظم شہبا زشریف نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخ میں بدقسمتی سے اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔

اسی طرح 401 سے 500 یونٹ ماہانہ استعمال پر بجلی کی نئی قیمت 35 روپے 24 پیسے فی یونٹ ہوگی۔ 

نیپرا کے مطابق 501 سے 600 یونٹ ماہانہ استعمال پر فی یونٹ بجلی ساڑھے 7 روپے مہنگی کی گئی ہے۔ 501 سے 600 یونٹ ماہانہ بجلی کی نئی قیمت 36 روپے 66 پیسے فی یونٹ ہوگی۔

اپنے فیصلے میں نیپرا نے کہا کہ 601 سے 700 یونٹ ماہانہ استعمال پر فی یونٹ بجلی ساڑھے 7 روپے مہنگی ہوگی، ماہانہ اتنے یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کےلیے فی یونٹ بجلی کی نئی قیمت 37 روپے 80 پیسے ہوگی۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ 700 یونٹ سے زائد ماہانہ استعمال پر فی یونٹ بجلی ساڑھے 7 روپے مہنگی ہوگی۔ 700 یونٹ سے زائد ماہانہ استعمال پر فی یونٹ بجلی کی نئی قیمت 42 روپے 72 پیسے ہوگی۔

اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے اضافی ٹیکس…

اتھارٹی کے مطابق ٹائم آف یوز تھری فیز پیک آورز میں فی یونٹ بجلی کی نئی قیمت 41 روپے 89 پیسے ہوگی، جبکہ ٹائم آف یوز تھری فیز آف پیک آورز میں فی یونٹ بجلی کی نئی قیمت 35 روپے 57 پیسے فی یونٹ ہوگی۔

کمرشل، انڈسٹریز اور زرعی استعمال سمیت دیگر شعبوں کےلیے فی یونٹ بجلی ساڑھے 7 روپے مہنگی کردی گئی ہے۔ 

نیپرا نے فیصلہ نوٹیفکیشن کےلیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔ بجلی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی 2023 سے ہوگا۔

فیصلے میں ممبر نیپرا سندھ رفیق شیخ نے اضافی نوٹ میں تحریر کیا کہ 700 یونٹ سے زائد استعمال پر بشمول جی ایس ٹی فی یونٹ بجلی 50 روپے سے زیادہ میں پڑے گی۔

بجلی کی نئی قیمتوں کا نفاذ کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز پر ہوگا۔

انہوں نے اضافی نوٹ میں لکھا کہ ٹیکس دہندگان کے پیسے سے سبسڈی دینا مسئلے کا حل نہیں، پاور سیکٹر کی نااہلی کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی بجائے سسٹم میں بہتری لائی جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.