بدھ 17؍ذیقعد 1444ھ7؍جون 2023ء

گڈاپ، ببر شیر کی موجودگی کی اطلاع پر محکمہ وائلڈ لائف کا سرچ آپریشن

گڈاپ ٹاؤن کے علاقے ڈوڈی م کے اطراف ببر شیر کی موجودگی کے حوالے سے ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تاہم محکمہ وائلڈ لائف سندھ کے عملے نے علاقے میں بھرپور آپریشن کیا اور بتایا کہ اس علاقے میں ببر شیر کی موجودگی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ 

کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف جاوید مہر کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والی نسل کا شیر سندھ میں نہیں پایا جاتا۔

حکام کے مطابق کسی فارم ہاؤس سے بھی ببر شیر کے فرار کا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا ہے، اگر کوئی شیر کسی فارم ہاؤس سے بھاگا ہوتا تو کتے اس کو بھانپ لیتے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عموماً جنگلی حیات کی موجودگی کا پتہ، کتے اپنی حس کے سبب آسانی سے لگا لیتے ہیں۔

حکام کے مطابق ان اطلاعات پر گزشتہ رات گئے مضافاتی علاقوں میں خصوصی ٹیمیں روانہ کی گئیں، سرچ ٹیمیں بیک وقت گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر مشتمل اور درکار آلات سے لیس تھیں تاہم اس تگ و دو کے دوران ببر شیر ہاتھ آیا اور نہ ہی اس علاقے میں اس کی موجودگی کے کوئی شواہد ملے۔ 

کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف جاوید مہر کے مطابق متعین کردہ ٹیموں نے رات کی تاریکی اور دن کے اجالے میں انتہائی باریک بینی سے تمام علاقوں کا جائزہ لیا، سندھ وائلڈ لائف کی ٹیموں نے مقامی افراد کے انٹرویوز بھی ریکارڈ کیے ہیں۔

حکام کے مطابق گزشتہ 3 روز سے شیر دکھائی دینے کی افواہیں سوشل میڈیا پر سرگرم تھیں، سوشل میڈیا پر سرگرم ایک شخص کی جانب سے بے سروپا افواہیں پھیلانے کے ثبوت ملے ہیں۔

ویڈیو سے یہ بات بھی واضح ہوئی ہے کہ اس پر ڈبنگ یا وائس اوور کی گئی ہے، ان افواہوں کے سبب شہروں میں خوف اور اضطراب پھیلایا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.