وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق کا کہنا ہے کہ گوگل کا وفد اگلے ماہ پاکستان آئے گا، گوگل کا پاکستان میں 15 ہزار اسکالرشپ دینے کا ارادہ ہے۔
اسلام آباد میں اسمارٹ فون فار آل کے عنوان سے تقریب میں وفاقی وزیر امین الحق اور چیئرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ نے شرکت کی، اس کے علاوہ تقریب میں تمام ٹیلی کام کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو بھی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کسی بھی سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف ہے، جون جولائی تک پارلیمنٹ کو سائبر ایفشنٹ کرنے کا ارادہ ہے۔
امین الحق کا کہنا ہے کہ موبائل فون سے متعلق ایک اسکیم لا رہے ہیں، جس کے تحت 20 سے 30 فیصد ادائیگی پر کوئی بھی موبائل فون حاصل کر سکے گا، بنا ضمانت اور کاغذی کارروائی صرف شناختی کارڈ پر موبائل فون کا حصول ممکن ہو گا، 10 ہزار سے ایک لاکھ روپے مالیت کے فون 3 سے 12 ماہ کی اقساط میں دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدم ادائیگی پر فون لاک کر دیا جائے گا، جس کے بعد دنیا میں کہیں استعمال نہیں ہو سکے گا، اسکیم کا مقصد عام آدمی تک فون پہنچانا اور چھوٹے کاروباری افراد کو ای کامرس کی جانب لانا ہے، کنکٹیویٹی سہولتوں کے لیے 65 ارب روپے سے 70 سے زائد پروجیکٹس جاری ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی کسی حکومت نے ملک میں موبائل فون بنانے کا نہیں سوچا تھا، آج وزارت آئی ٹی کی بدولت پاکستان میں 29 کمپنیاں موبائل فونز بنا رہی ہیں، خواہش ہے ایف بی آر کے ساتھ تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کریں۔
Comments are closed.