الفابیٹ انکارپوریشن کی ملکیت دنیا کے معروف سرچ انجن گوگل نے اپنے ایک سینئر سافٹ ویئر انجینئر کو عہدے سے برطرف کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گوگل نے اپنے سینئر سافٹ ویئر انجینئر کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے، جس نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ کمپنی کا مصنوعی ذہانت رکھنے والا چیٹ بوٹ (Artificial Intelligence Chatbot) ایک بذاتِ خود آگاہی رکھنے والا شخص ہے۔
گوگل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سینئر سافٹ ویئر انجینئر بلیک لیموئن نے کمپنی کی پالیسیز کی خلاف ورزی کی ہے۔
اُنہوں نے سافٹ ویئر انجینئر کے چیٹ بوٹ کے حوالے سےکیے گئے دعوے کو بھی مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ افسوس ناک بات ہے کہ اس موضوع پر کئی بار آگاہ کیے جانے کے باوجود بھی بلیک نے ڈیٹا سیکیورٹی پالیسیز کی مسلسل خلاف ورزی کی، جس میں مصنوعات کی معلومات کی حفاظت بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال گوگل نے کہا تھا کہ لینگویج ماڈل فار ڈائیلاگ ایپلی کیشنز (LaMDA) کمپنی کی تحقیق پر بنایا گیا ہے۔
کمپنی نے اس چیٹ بوٹ کے بارے میں یہ بھی بتایا تھا کہ ٹرانسفارمر پر مبنی یہ لینگویج ماڈل بنیادی طور پر ڈائیلاگ پر تربیت یافتہ ہے اور اس کی مدد سے کسی بھی چیز کے بارے میں بات کرنا سیکھا جاسکتا ہے۔
Comments are closed.