اتوار13؍ذوالحجہ 1444ھ2؍جولائی 2023ء

گوشت کے ساتھ پیاز کے استعمال کے حیران کُن فوائد

ماہرین کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر گوشت کے استعمال کے ساتھ ساتھ سلاد کا استعمال بھی بے حد ضروری ہے اور پیاز بطور سلاد کھانا صحت اور معدے کی صحت پر حیران کُن فوائد کا حامل ہے۔

ماہرینِ غذائیت کے مطابق ایک کچی پیاز کے 80 گرام میں 0.8 گرام پروٹین، 6.4 گرام کاربوہائیڈریٹ، 5.0 گرام شکر، 1.8 گرام فائبر، 2.0 ملی گرام وٹامن سی پایا جاتا ہے۔

پیاز غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں، یعنی ان میں کیلوریز کم اور وٹامنز، منرلز زیادہ پائے جاتے ہیں، ایک درمیانی پیاز میں صرف 44 کیلوریز ہوتی ہیں لیکن یہ وٹامنز، معدنیات اور فائبر کی کافی مقدار فراہم کرتی ہے۔

اس سبزی میں خاص طور پر وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، یہ ایک غذائی جز ہے جو آئرن جذب کرنے کے مرحلے کو منظم بناتا ہے اور وٹامن سی جسم میں ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔

پیاز بی وٹامنز سے بھی بھرپور ہوتے ہیں، جن میں فولیٹ بی 9 اور پائریڈوکسین بی 6 شامل ہیں جو میٹابولزم، خون کے سرخ خلیات کی پیداوار اور اعصابی افعال میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرینِ غذائیت کے مطابق عید الاضحیٰ پر گوشت اور چربی کے (پروٹین) بے تحاشہ استعمال کے سبب معدہ مسائل کا شکار ہو سکتا ہے جبکہ ایسے میں قبض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

معدے اور صحت کے دیگر مسائل سے بچاؤ کے لیے غذا میں سلاد کا استعمال بے حد ضروری ہے اور سلاد میں سب سے فائدہ مند سبزی پیاز ہے۔

ماہرین کے مطابق عام طور پر سلاد میں سلاد کا پتہ، ٹماٹر، پیاز، بند گوبھی اور کھیرے کا استعمال کیا جاتا ہے، ان سب سبزیوں میں مفید ہونے کے اعتباد سے پہلے نمبر پر پیاز، پھر ٹماٹر اور پھر بند گوبھی ہے، سلاد کا پتہ اور کھیرا وٹامنز اور منرلز سے زیادہ پانی فراہم کرتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق پیاز کو پکانے کے بجائے کچا کھانا چاہیے تاکہ ان سے سلفر کے زیادہ سے زیادہ مرکبات حاصل کیے جا سکیں۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر ماہرین کا پیاز بطور سلاد تجویز کرتے ہوئے کہنا ہے کہ جب بھی گوشت سے بنی کسی غذا کا استعمال کریں ساتھ میں کچومر سلاد (مکس سبزیوں کا سلاد) یا پھر پیاز کا استعمال لازمی کریں۔

پیاز کھانے سے مجموعی صحت پر پڑنے والے دیگر فوائد:

پیاز میں اینٹی آکسیڈنٹس اور ایسے مرکبات ہوتے ہیں جو جسم میں سوزش سے لڑتے ہیں اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتے ہیں۔

پیاز کی طاقت ور اینٹی سوزش خصوصیات ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے اور خون کی نالیوں میں خون کے جمنے سے بچانے میں بھی مدد کر سکتی ہیں۔

پیاز میں اورگینک سلفر مرکبات پائے جاتے ہیں، انہی مرکبات کی وجہ سے پیاز میں اس قدر تیز، مضبوط ذائقہ اور بو ہوتی ہے۔

اورگینک سلفر مرکبات جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں اور یہ بلڈ کلاٹ کو ختم کرتے ہیں، جس سے دل کی بیماری اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.