گورنر ہاؤس خیبر پختون خوا کیلئے کروڑوں روپے کی 3 بلٹ پروف لگژری گاڑیوں کی خریداری کی سمری تیار کر لی گئی۔
سمری کی دستاویزات کے مطابق لگژری گاڑیوں کی خریداری کی سمری گورنر سیکریڑیٹ نے وزیرِ اعلیٰ کو بھیج دی، گاڑیوں کی مالیت 11 کروڑ 51 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔
گاڑیاں گورنر اور وی آئی پیز کے استعمال کے لیے ہوں گی، گورنر کے زیرِ استعمال موجودہ گاڑیاں 10 سال پرانی ہیں، جو اپنی مدت پوری کر چکی ہیں۔
سیکیورٹی کی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں، گورنر ہاؤس کے نام پرخریدی گئی گاڑیوں کو ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام کی ہدایت کے تحت سمری چیف سیکریٹری کے پاس روک دی گئی ہے۔
خیبر پختون خوا حکومت کے ترجمان کامران بنگش کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ نئی گاڑیوں کی خریداری کی سمری وزیرِ اعلیٰ محمود خان تک نہیں پہنچی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے منشور کے مطابق بجٹ کو مدِ نظر رکھ کر سمری منظور نہیں کی گئی، گورنر اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کے زیرِ استعمال گاڑیاں 10 سال پرانی ہیں۔
کامران بنگش کا یہ بھی کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں زیرِ استعمال گاڑیوں کی حالت خستہ ہے، ہم نے اپنے پچھلے اور موجودہ دورِ حکومت میں کفایت شعاری کے باعث گاڑیاں نہیں خریدیں۔
Comments are closed.