عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کے استعفے کے مطالبے پر ترجمان جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کا بیان سامنے آگیا۔
ترجمان جے یو آئی خیبر پختونخوا عبدالجلیل کا کہنا ہے کہ گورنر کی عوام کیلئے کی جانیوالی سرگرمیاں کسی کو ہضم نہیں ہو رہیں، ایمل ولی اور دیگر کی جانب سے گورنر پر الزامات اور استعفے کا مطالبہ حکمران اتحاد پر عدم اعتماد ہے۔
جے یو آئی نے کہا کہ ایمل ولی اور دیگر کا گورنر پر الزامات اور استعفے کا مطالبہ وزیراعظم پر بھی عدم اعتماد ہے، کارکنوں کو نظر انداز کرنے والی جماعتوں میں اٹھتی آوازیں تقاریر سے نہیں دبائی جا سکتیں۔
ترجمان جے یو آئی خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت ہمارے کارکنوں کی جدوجہد اور قائدین کی جرات کی مرہون منت ہے، گورنر کے پی کو ہٹانے کی مہم چلانے والے جے یو آئی کی عوامی مقبولیت سے خائف ہیں۔
ترجمان جمعیت علما اسلام نے مزید کہا کہ اتحادی اللّٰہ کا شکر ادا کریں کہ بہت بڑے فتنے کو زمین بوس کر دیا۔
Comments are closed.