گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے نگراں کابینہ میں رد و بدل کی سمری منظور کرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری کی منظوری کے بعد وزیر صنعت عدنان جلیل کو کابینہ سے ہٹا دیا گیا، مشیر کھیل مطیع اللّٰہ کو وزیر بنا کر صنعت کی وزارت دے دی گئی۔
نگراں کابینہ میں رد و بدل کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے عدنان جلیل کو کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد عدنان جلیل کو عہدے سے ہٹانے کی سمری گورنر کو بھیجی گئی تھی۔
جس کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کی جانب سے نگراں کابینہ سے وزیر صنعت عدنان جلیل کو ہٹانے کی سمری گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو بھیجی گئی تھی جنہوں نے اسے اعتراضات لگا کر واپس بھیج دیا تھا۔
سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے اعتراض عائد کیا کہ صوبے کی معاشی صورتِ حال ٹھیک نہیں، کابینہ پہلے ہی بڑی ہے اور کارکردگی بھی خاطر خواہ نہیں۔
Comments are closed.