پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب مردہ کو زندہ کیسے کرسکتا ہے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عید پر دنیا بھر اور خاص طور پر پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، ہمیں اس عید پر قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، اس عید پر غربا، مساکین اور شہدا کو یاد رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں کسی کو سیاسی قیدی نہیں رکھا، سیاسی استحکام نہیں ہوگا تو معاشی استحکام نہیں آئے گا، سابقہ حکومت نے انتقامی کارروائیاں کیں، تاریخ کی بدترین انتقام لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے توشہ خانہ سے قواعد سے ہٹ کر کچھ نہیں لیا، عمران خان نے مجھ پر الزام لگایا، میں توشہ خانہ کیس آج تک بھگت رہا ہوں، میں نے براہ راست وہاں سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا اور میں نے چیزیں لے کر فروخت نہیں کیں، انہوں نے تو کاریں لے کر فروخت کردیں۔
پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ مجھے نااہل کیا تو ایک منٹ میں عہدہ چھوڑ دیا، میں نے کبھی کسی کا نام لیا کہ کس نے میرے خلاف سازش کی، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سے میں نے کبھی نہیں پوچھا آپ پر کس کا پریشر تھا۔
یوسف رضا گیلانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سینیٹ میں یہ لوگ ہارے تھے، پھر انہوں نے اعتماد کا ووٹ لیا، کیا مجھے امریکا نے سینیٹر بنایا؟ سینیٹ الیکشن میں کہا گیا کے 16 افراد نے بے ضمیری کی، عدم اعتماد کے بعد اسمبلی توڑنے کا اقدام غیر آئینی تھا۔
Comments are closed.