گوجرہ: ملتان فیصل آباد موٹروے ایم فور پر کار میں لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے کیس میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 18 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کا مقدمہ گوجرہ تھانہ سٹی میں درج کرلیا گیا ہے، ایف آئی آر متاثرہ لڑکی کی خالہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں حماد، رحمان اور لائبہ نامی 3 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
لڑکی کی خالہ نے بتایا کہ ملزمان نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی لڑکی کو بوتیک پر نوکری کا جھانسہ دے کر گوجرہ بلایا، ملزمان نے موٹر وے پر کار میں لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور اسے فیصل آباد انٹر چینج پر پھینک کر فرار ہوگئے۔
ایف آئی آر میں بتایا کہ جس گاڑی میں بھانجی کو لے جایا گیا اس میں ایک خاتون اور دو مرد تھے، ملزمان نے موٹر وے پر میری بھانجی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اسے پھینک کر چلے گئے۔
دوسری جانب پولیس نے کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ گوجرہ میں موٹروےایم فور پرلڑکی سے اجتماعی زیادتی کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے جبکہ نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھی کارروائی جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے جب کہ ڈی این اے کے نمونے بھی لے لئے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
Comments are closed.