بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

گلگت سے لاہور آنے والی پی آئی اے پرواز حادثے سے بچ گئی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی گلگت سے لاہور آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔

لاہور ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پی کے 610 نامی پی آئی اے پرواز کی لینڈنگ سے پہلے پرندوں کا غول اچانک سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق اے ٹی آر جہاز کے کپتان نے کمال مہارت کے ساتھ طیارے کو بحفاظت لینڈ کروالیا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لینڈنگ کے بعد کپتان نے کنٹرول ٹاور کو پرندوں کی موجودگی کی شکایت کی۔

لاہور ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق کنٹرول ٹاور نے رن وے کلیئر کرانے کے لیے برڈ شوٹر بھجوا دیے۔

چند روز قبل پی آئی اے کی رپورٹ سامنے آئی تھی، جس میں بتایا گیا کہ پرندوں کے ٹکرانے سے قومی ایئرلائن کو لاکھوں ڈالرز نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 9 ماہ میں طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے 60 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں زیادہ لاہور ایئرپورٹ پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہور ایئرپورٹ پر 21، اسلام آباد میں 13، کراچی میں 8، پشاور میں6، سکھر میں 4، گلگت میں 3 جبکہ ملتان میں ایک واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پرندے ٹکرانے کے باعث نہ صرف قومی ایئرلائن کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں بلکہ پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.