کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں تیز رفتار ویگو گاڑی سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے زخمی ہونے کے معاملے پر متاثرہ شہری اور ملزم کے اہل خانہ کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔
متاثرہ شہری نے بتایا کہ ملزم کے اہل خانہ ان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔
متاثرہ شہری سجاد نے جیو نیوز کو بتایا کہ وہ جامعہ بنوریہ عالمیہ سے فارغ التحصیل ہیں، حادثے کے بعد انہوں نے جامعہ بنوریہ کے اکابرین سے رابطہ کیا اور انہیں تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا۔
ملزم کے والد اکابرین کے ہمراہ ملاقات کےلیے ان کے پاس پہنچے جس کے بعد اب ان کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔
سجاد کا کہنا تھا کہ ملزم کے اہل خانہ ان کے اور ان کی بچوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات برداشت کریں گے جبکہ اس کے علاوہ وہ چونکہ ٹانگ میں فریکچر کے باعث طویل عرصے تک بیڈ ریسٹ کریں گے لہٰذا مزید مالی تعاون بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ صلح کو پیر کو حتمی و تحریری شکل بھی دے دی جائے گی۔
یاد رہے کہ گاڑی سے شہریوں کو ٹکر مارنے کا واقعہ 27 اگست کو گلشن اقبال بلاک 7 میں پیش آیا تھا جب ایک سیاہ رنگ کی ویگو گاڑی انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ یو ٹرن لینے کے بعد سڑک کے کنارے کھڑے افراد کو کچلتی ہوئی گزر گئی تھی۔
حادثے میں شہری سجاد، ان کی 2 بیٹیاں اور ایک بھانجی زخمی ہوئے تھے، جبکہ ملزم گاڑی سے ٹکر مارنے کے بعد فرار ہوگیا تھا، جس کے بعد پولیس نے متاثرہ شہری سجاد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے معاویہ نامی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔
Comments are closed.