پاکستان کے ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں گزشتہ برس تک خواتین کی جانب سے شادی کی پیشکشیں موصول ہوتی رہیں تاہم کبھی دوسری شادی کے بارے میں نہیں سوچا۔
حال ہی میں جوان بیٹے کی موت کا صدمہ برداشت کرنے والے معروف اسلامک اسکالر نے گزشتہ دنوں نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے نجی زندگی سے متعلق انکشاف کیا۔
انہوں نے شادی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پہلی شادی والدین کی مرضی سے کی اور دوسری شادی کرنے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا۔
انہوں نے بتایا کہ میری زندگی بہت مشکل رہی لیکن اہلیہ نے زندگی بھر ساتھ دیا، میں ان کا یہ احسان نہیں بھول سکتا، اسی لیے وسائل کے باوجود میں نے ان کے ساتھ وفا کی ہے۔
مولانا نے بتایا کہ میری اہلیہ نے میری وجہ سے بہت مشکلات کا سامنا کیا کیونکہ میں ہمیشہ تبلیغ کے لیے گھر سے دور رہتا تھا اور وہ اکیلے ہی میرے بچوں اور گھر کا خیال رکھتی رہیں، یہاں تک کہ میں اپنے کسی بھی بچے کی پیدائش کے وقت اہلیہ کے ساتھ موجود نہیں تھا، اہلیہ کی بہت قربانیاں ہیں۔
انہوں نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ خواتین کی جانب سے انہیں شادی کی پیشکشیں موصول ہوتی ہیں لیکن کبھی بھی ان پر غور نہیں کیا۔
مولانا طارق جمیل نے یہ بھی کہا کہ عورتیں مردوں کی کمزوری ہیں لیکن انسان کو اپنے اوپر سخت کنٹرول رکھنا چاہیے۔
Comments are closed.