موسم گرما میں آنے والی عید کی خوشیاں اس وقت ماند پڑ جاتی ہیں جب بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو روایتی ملبوسات کے ساتھ چٹخارے دار لذیذ پکوان گرمی کے سبب چھوڑنے پر جاتے ہیں۔
طبی ماہرین کی جانب سے شدید گرمی میں روایتی (فینسی) لباس پہننا اور مرغن غذاؤں کا استعمال ترک کر دینے کا مشورہ دیا جاتا ہے مگر اِن دونوں کے بنا عید کب گزارای جا سکتی ہے، لہذا چند مفید مشوروں پر عمل کر کے اس میٹھی عید کا مزہ دوبالا کیا جا سکتا ہے۔
اس عید گرمی کی شدت اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے سب سے پہلے اگر پانی کی کمی پوری کر لی جائے تو جسم ’ڈی ہائیڈریشن‘ کا شکار ہونے سے بچ جاتا ہے جس کے نتیجے میں عید کی خوشیاں بغیر کسی خوف کے منائی جا سکتی ہیں۔
ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ گرمی میں پسینہ زیادہ آتا ہے اور یہ جسم کو ٹھنڈا رکھتا ہے اس کی وجہ سے جسم سے ضروری مادے (مثلاً پوٹاشیم اور سوڈیم) بھی زیادہ مقدار میں خارج ہونے لگتے ہیں۔
صحت کے لیے ان ناگزیر مادوں کی کمی کے سبب پٹھوں اور دماغی کارکردگی پر اثر انداز ہوتی ہے لہٰذا اس گرم موسم اور عید کے موقع پر خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے پیاس لگنے کا انتظار نہ کریں۔
خود کو ڈی ہائیڈریشن سے محفوظ رکھنے کے لیے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنائیں اور رمضان کے بعد 3 ہفتوں تک روزانہ کم از کم 2 لیٹر پانی لازمی پئیں۔
اس عید کے موقع پر مرغن غذاؤں کے ساتھ تمام قدرتی پھلوں کے رس کے استعمال بڑھادیں اور ان میں چینی کا استعمال ہرگز نہ کریں۔
پھلوں میں موجود قدرتی مٹھاس آپ کے جسم کو ضروری غذائیت پہنچانے کے لیے کافی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق عید کے دوران شدید گرم موسم میں گرم اشیا (چائے اور کافی) سے پرہیز کریں، اس کے برعکس پانی، لسی اور دیگر دیسی مشروبات (ستو، لیموں پانی وغیرہ) کا استعمال فائدہ مند رہتا ہے لہذا گھر آنے والے مہمانوں کی تواضع اور خود بھی جوس کا استعمال زیادہ کریں۔
کن غذاؤں کا استعمال کرنا مفید ہے؟
گرمی کے موسم میں اس عید پر مختلف غذاؤں کا استعمال صحت برقرار رکھ سکتا ہے، اپنی خوراک میں پھل اور سبزیاں شامل کریں، یہ جَلد ہضم ہو جاتی ہیں۔
عید کے دعوتوں کے دوران سلاد کو زیادہ اہمیت دیں، سلاد بناتے ہوئے اس میں ایسے پھل اور سبزیاں شامل کریں جو آپ کو گرمی میں ہائیڈریٹ رکھ سکیں۔
مسالے دار غذاؤں کا استعمال پسینہ کے اخراج میں اضافہ کرتا ہے اور یہ آپ کی توانائی میں کمی کا باعث بنتا ہے لہٰذا غذاؤں کے ساتھ ٹھنڈے مشروبات اور سلاد کا استعمال یقینی بنائیں۔
اس عید پر گرم موسم کے دوران چربی والے گوشت، گردے، مغز، سری پائے اورکلیجی وغیرہ استعمال نہ کریں، ان میں موجود فیٹ جسم میں کولیسٹرول کی سطح بڑھا دیتا ہے جو بے حد خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
مندرجہ بالا باتوں پر عمل اور احتیاط پر عمل کرتے ہوئے جسم میں پانی کی کمی اور صحت کی خرابی سے بچا سکتے ہیں۔
اس عید پر خوشیاں منانے کے ساتھ ان ہدایات پر خود بھی عمل کریں اور اپنے گھر والوں کو بھی ترغیب دیں۔
Comments are closed.