پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ کے لیے درخواست پر عدالت نے ان کا مزید 1 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
عدالت نے ایف آئی اے کو اعظم سواتی کو کل دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
عدالت سے حکم ملنے کے بعد ایف آئی اے اہلکار اعظم سواتی کو لے کر عدالت سے روانہ ہو گئے۔
اس سے قبل ایف آئی اے کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما اعظم سواتی کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
اعظم سواتی کو 1 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی مجسٹریٹ شعیب اختر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پراسیکیوشن کے وکیل نے اعظم سواتی کا ٹوئٹ پڑھ کر عدالت میں سنایا جس کے بعد پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت سے اعظم سواتی کے 14 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
ایف آئی اے کی اعظم سواتی کے 14 دن کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو کچھ دیر بعد سنا دیا۔
دوسری جانب اعظم سواتی سے اظہارِ یک جہتی کے لیے پی ٹی آئی کے رہنما و سینیٹرز ڈسٹرکٹ کورٹ پہنچے جن میں سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان، پی ٹی آئی سینیٹرز فوزیہ ارشد، فدا محمد خان اور سیف اللّٰہ ابڑو شامل ہیں۔
واضح رہے کہ متنازع ٹویٹ پر سینیٹر اعظم خان سواتی کے خلاف سائبرکرائم کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔
عدالت نے گزشتہ روز اعظم سواتی کو ایک روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔
Comments are closed.