اسلام آباد پولیس نے گرفتار محسن بیگ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا، ان پر بغیر لائسنس پستول رکھنے کا مقدمہ گزشتہ روز درج کیا گیا۔
محسن بیگ کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ دورانِ تفتیش محسن بیگ نے بتایا ہے کہ جس پستول سے فائرنگ کی وہ گھر میں ہے، جس پر ملزم کے ہمراہ اس کے گھر جا کر 30 بور کا پستول برآمد کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ برآمد ہونے والے پستول کے میگزین میں 2 گولیاں بھی موجود تھیں۔
درج ایف آئی آر کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم اس 30 بور کے پستول کا لائسنس یا اس کی اجازت کا ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے محسن بیگ کو ناجائز اسلحہ رکھنے کے کیس میں بھی گرفتار کر لیا اور انہیں ڈیوٹی مجسٹریٹ شعیب اختر کی عدالت میں پیش کر دیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ محسن بیگ کے خلاف ناجائز اسلحے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
عدالت نے ملزم کو بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ میں جیل بھجوانے کا حکم سنا دیا۔
محسن بیگ پہلے ہی دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔
محسن بیگ کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر کل (پیر کو) انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل محسن بیگ کو اسلام آباد میں واقع ان کے گھر پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے اہلکاروں نے چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا۔
Comments are closed.