منگل 6؍محرم الحرام 1445ھ25؍جولائی 2023ء

گال ٹیسٹ کی فاتح ٹیم کے گیارہ کھلاڑیوں ہی کو کولمبو کے میدان میں اتارے جانے کا امکان

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کا آغاز کل سے سنہالیز اسپورٹس کلب (ایس ایس سی) کرکٹ گراؤنڈ پر ہونے جارہا ہے جس کےلیے پاکستان کی پلیئنگ الیون برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ اس میچ میں ورلڈ ریکارڈ سعود شکیل کا منتظر ہوگا۔

ایس ایس سی گراؤنڈ پر آخری ٹیسٹ نومبر 2018ء میں سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا، جہاں جو روٹ کی قیادت میں انگلش ٹیم 42 رنز سے فاتح رہی تھی۔

اب 55 ماہ کے طویل وقفے کے بعد سنہالیز اسپورٹس کلب کا میدان پاک سری لنکا سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔ کوویڈ کے باعث سری لنکا نے گال میں زیادہ ٹیسٹ کھیلے۔

کولمبو میں سری لنکا نے آخری 6 ٹیسٹ میں تین جیتے اور تین میں اسے شکست ہوئی، پاکستان نے کولمبو میں آخری ٹیسٹ اگست 2014ء میں کھیلا تھا، جہاں سری لنکا نے 105 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکا ٹیم میں دائیں ہاتھ کے تیز بولر ایشاتھا فرنینڈو کی واپسی متوقع ہے، جو ڈینگی بخار سے مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں، دوسری طرف پاکستان ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان کم ہی ہے اور امکان ہے کہ گال میں پہلا ٹیسٹ چار وکٹ سے جیتنے والی پاکستانی ٹیم ہی برقرار رکھے گی۔

کولمبو ٹیسٹ پاکستان کے سعود شکیل کے لیے اہمیت کا حامل ہے، گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 361 گیندوں پر 208 ناقابل شکست رنز بنانے والے بائیں ہاتھ کے بیٹس مین اپنے ابتدائی چھ ٹیسٹ کی 12 اننگز میں دو سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

سعود شکیل نے کیریئر کے ہر ٹیسٹ میں ایک اننگز پچاس سے زائد رنز کی کھیلی ہے اور اگر انہوں نے کولمبو میں بھی کسی ایک اننگز میں نصف سنچری بنائی تو وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے بلے باز ہوں گے جو ابتدائی تمام سات ٹیسٹ میچز میں پچاس یا اس سے زائد رنز بنائیں گے۔

کولمبو ٹیسٹ میں پاکستان کے ممکنہ گیارہ کھلاڑی یہ ہونگے۔ امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان) سعود شکیل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، آغا سلمان، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.