گال ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے عبداللّٰہ شفیق نے ریکارڈز بنائے جس کے ساتھ ہی ان کا نام دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی آگیا۔
طویل ترین بیٹنگ کا ریکارڈ
اپنی اس اننگز میں عبداللّٰہ شفیق ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں فاتح ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ دیر تک بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
ہدف کے کامیاب تعاقب میں انہوں نے ناقابلِ شکست 160 رنز بنائے لیکن اس کے لیے وہ 524 منٹس کریز پر موجود رہے۔
فاتح ٹیم کے کھلاڑی کی جانب سے چوتھی اننگز میں طویل وقت تک بیٹنگ کرنے کا ریکارڈ سری لنکا کے لیجنڈری کھلاڑی ارونڈا ڈی سلوا کے پاس تھا، انہوں نے 1998 میں زمبابوے کے خلاف ناقابلِ شکست 143 رنز بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
واضح رہے کہ اعداد و شمار کی دستیابی کے بعد یہ کسی بھی ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں تیسری طویل ترین بیٹنگ ہے۔
زیادہ گیندیں کھیلنے کا ریکارڈ
عبداللّٰہ شفیق نے اپنی میراتھن اننگز کے دوران ایک اور اعزاز اپنے نام کیا جب انہوں نے فتح گر اننگز کے لیے 408 گیندوں کا سامنا کیا۔
اعداد و شمار کی دستیابی کے بعد سے عبداللّٰہ دنیائے کرکٹ کے پانچویں کھلاڑی ہیں جنہوں نے 400 یا اس سے زائد گیندیں چوتھی اننگز میں کھیلیں۔
علاوہ ازیں کامیاب ہدف کے تعاقب میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے والوں کی فہرست میں ان کا دوسرا نمبر ہے۔ انگلینڈ کے ہربرٹ سوٹکلفٹ نے 1928 میں آسٹریلیا کے خلاف 135 رنز بنائے تھے اور 462 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔
ایشیا میں ریکارڈ
اسی طرح ایشیا میں کامیاب ہدف کے تعاقب میں عبداللّٰہ شفیق کے 160 رنز تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کائل مائرز (210) کے پاس ہے، جبکہ اس فہرست میں پاکستان کے یونس خان (171) تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کا ریکارڈ
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی اننگز میں عبداللّٰہ شفیق کے 160 رنز تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔
چوتھی اننگز میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ بابر اعظم کے پاس ہے، انہوں نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف 196 رنز بنا کر قومی ٹیم کو شکست سے بچایا تھا۔
دوسرا سب سے بڑا اسکور 171 کا ہے جو یونس خان نے پالی کیلے میں سری لنکا کے خلاف ہی بنایا تھا۔
اوپنر کا ریکارڈ
اسی طرح کسی بھی اوپنر کی جانب سے ٹیسٹ میں کامیاب ہدف کے تعاقب میں عبداللّٰہ کی اننگز تیسری سب سے بڑی رہی۔
سب بڑے اسکور کا ریکارڈ گورڈن گرینیج کے پاس ہے، انہوں نے 1984 میں انگلینڈ کے خلاف 214 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ آسٹریلیا کے آرتھر مورس نے 1948 میں انگلینڈ کے خلاف 182 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
بریڈمین اور گواسکر کی فہرست میں شامل
اسی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں ابتدائی 6 میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں عبداللّٰہ شفیق چوتھے نمبر پر ہیں۔
انہوں نے ان میچز میں مجموعی طور پر 720 رنز بنالیے ہیں، تاہم سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سنیل گواسکر کے پاس ہے جنہوں نے 912 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کے ڈان بریڈمین نے 862 جبکہ ویسٹ انڈیز کے جارج ہیڈلی نے 730 رنز بنائے تھے۔
Comments are closed.