گال ٹیسٹ کے تیسرے روز کے کھیل کا اختتام ہوگیا، سری لنکا نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 14 رنز بنالیے، پاکستان کی برتری ختم کرنے میں اسے مزید 135 رنز درکار ہیں۔
سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونارتنے 6 اور نشان مدوشکا 8 رنز کے ساتھ چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔
اس سے قبل پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے 208 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کو ہوم ٹیم پر 149 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
پاکستان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز سے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ سعود شکیل نے آغا سلمان کے ساتھ تیسرے روز کھیل کا آغاز اسی انداز میں کیا جس طرح گزشتہ روز چھوڑا تھا۔
دونوں کے درمیان 218 گیندوں پر 177 رنز کی زبردست شراکت قائم ہوئی جس نے میچ کا رخ تبدیل کردیا۔
سعود شکیل نے کھانے کے وقفے سے قبل اپنی سنچری مکمل کی، تاہم اسی موقع پر آغا سلمان بدقسمت رہے اور 83 رنز بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
آغا سلمان کے آؤٹ ہونے کے بعد نعمان علی نے 25، شاہین آفریدی نے 9، نسیم شاہ نے 6 اور ابرار احمد نے 10 رنز کے ساتھ سعود شکیل کا ساتھ دیا۔
سعود شکیل نے اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنائی اور اسکے ساتھ ساتھ سری لنکا میں تاریخ بھی رقم کردی۔
سعود شکیل سری لنکا میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔
سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پراباتھ جےسوریا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کسون رجیتھا اور وشوا فرنینڈو نے ایک ایک بیٹر کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ فارمیٹ میں مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔
سعود شکیل کیریئر کی ابتدائی 11 ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بن گئے۔
سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں 141 واں رن لے کر عبداللّٰہ شفیق کو پیچھے چھوڑا۔
گال ٹیسٹ میں 141 واں رن سعود کے کیریئر کا 721 واں ٹیسٹ رن تھا۔
عبداللّٰہ شفیق نے ابتدائی 11 اننگز میں 720 رنز بنائے تھے جبکہ جاوید میانداد نے کیریئر کی ابتدائی 11 اننگز میں 654 رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ ابتدا میں جلد وکٹیں گنوانے کے باوجود سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں بورڈ پر 312 کا ٹوٹل سجایا۔
میزبان ٹیم کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 122 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
سری لنکا کے اینجلو میتھیوز نے 64 اور سدیرا سماراوکرما نے 36 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم کے 5 کھلاڑی 101 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم آغا سلمان اور سعود شکیل ڈٹ گئے اور پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لیے ہیں۔
Comments are closed.