کراچی میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد کراچی پولیس آفس کی تباہ حال عمارت کی بحالی کا کام شروع ہو گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر میں واقع کے پی او کی عمارت کی دیواریں گولیوں سے چھلنی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ دستی بم حملوں کے نتیجے میں شیشے کے عارضی کمرے اور اسٹرکچر تباہ ہوئے، کئی مقامات پر کے پی او بلڈنگ کی فالس سیلنگ بھی ٹوٹ کر گر گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق کئی مقامات پر گولیوں سے عمارت کی دیواروں سے ٹائلز بھی اکھڑ گئے۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ حملے سے محفوظ رہنے والے دفاتر میں عملے نے آج کام شروع کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تباہ شدہ سامان کو کے پی او کے باہر منتقل کیا جا رہا ہے، ملبے اور ٹوٹے پھوٹے سامان کے نیچے سے شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جمعہ17 فروری کی شب کراچی پولیس ہیڈ آفس پر ہونے والے حملے میں تمام دہشت گرد مارے گئے تھے۔
کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والوں کے جوابی ایکشن کے دوران 1 دہشت گرد نے عمارت کی چوتھی منزل پر خود کو خودکش جیکٹ کے ذریعے اڑا لیا تھا جبکہ 2 چھت پر مارے گئے۔
واقعے میں پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 5 افراد شہید جبکہ 17 زخمی ہوئے۔
حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں 2 پولیس اور 1 رینجرز اہل کار کے علاوہ 1 سینیٹری ورکر بھی شامل تھا، پانچویں زخمی اہلکار نے 1 روز قبل دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا تھا۔
Comments are closed.