بھارت کے سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر محمد کیف کے آسٹریلیا کو چیمپیئن نہ ماننے کے معاملے پر آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر نے کرارا جواب دے دیا۔
بھارتی شہر احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے ایونٹ کی ناقابلِ شکست بھارتی ٹیم کو ترنوالہ بناتے ہوئے 6 وکٹوں سے شکست دی اور چھٹی مرتبہ ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
بعدازاں میچ ٹرانسمیشن کے دوران ساتھی کمنٹیٹر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے محمد کیف کا کہنا تھا کہ میں نہیں مانتا کہ عالمی کپ ایونٹ کی بہترین ٹیم نے جیتا ہے، بھارت کاغذ پر بہترین ٹیم تھی جس نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
کیف کے اس بیان پر آسٹریلوی اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے بھی کرارا جواب دیا اور کہا کہ میں محمد کیف کو پسند کرتا ہوں، لیکن یہاں مسئلہ یہ ہے کہ یہ معنی نہیں رکھتا کہ کاغذ پر کیا ہے کیونکہ آخر میں آپ کو بہترین پرفارمنس کی ضرورت ہوتی ہے اور یہی معنی رکھتا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا یہی وجہ ہے کہ اسے فائنل کہتے ہیں۔ یہ وہ دن ہے جو اہمیت رکھتا ہے، یہ کسی کے بھی حق میں جاسکتا ہے اور اسے ہی کھیل کہتے ہیں۔
آسٹریلوی بلے باز نے اپنے پیغام میں آئندہ ایونٹ کا بگل بھی بجادیا اور تحریر کیا کہ 2027 ہم آرہے ہیں۔
Comments are closed.