کیرتھر میں آئی بیکس بیماری سے مرنے لگے، ذرائع نے بتایا ہے کہ 3 ماہ کے دوران درجنوں آئی بیکس مر چکے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی بیکس پی پی آر نامی وبائی بیماری کا شکار ہو رہے ہیں، مقامی بکریوں سے یہ بیماری آئی بیکس میں پھیل رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نے اس حوالے سے متعدد بار محکمۂ جنگلی حیات سندھ کو آگاہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی پی آر بیماری کو ’گوٹ طاعون‘ بھی کہا جاتا ہے، اس بیماری سے آنکھوں کی سوجن اور کھانا پینا بند ہونے سے جانور کی موت ہو جاتی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ بیماری عام طور بھیڑوں اور بکریوں سے جانوروں میں پھیلتی ہے۔
ذرایع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کیرتھر کے علاقے میں 25 ہزار کے قریب آئی بیکس پائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب کنزرویٹر محکمۂ جنگلی حیات سندھ جاوید مہر نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئی بیکس کے مرنے کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بارشوں میں جنگلی جانوروں کی آبادی بڑھتی ہے اور خشک دنوں میں گھٹتی ہے۔
کنزرویٹر محکمۂ جنگلی حیات سندھ جاوید مہر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سیزن میں ایک مکھی کے کاٹنے سے بھی آئی بیکس بیمار ہو جاتے ہیں۔
Comments are closed.