جمعرات 12؍جمادی الثانی 1444ھ5؍جنوری 2023ء

کیا پنجاب حکومت عمران خان پر حملہ کرنے والے کو پکڑ نہیں سکتی؟ مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کیا پنجاب حکومت عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے کو پکڑ نہیں سکتی؟

 پی ٹی آئی چیئرمین کے خطاب پر ردِ عمل  دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے چار سال ملک کا بیڑا غرق کیا، بے بسی کے ڈرامے کرکے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ بجائے اس کے کہ اپنی غلطی کرلی تو اس سے پیچھے ہٹ جاؤ، الیکشن کروا دو، لیکن پورا زور لگاکر ان کے اعلان کردہ الیکشن مسترد کیے گئے۔

مریم اورنگزیب  نے کہا کہ یہ آدمی چار حکومتیں لے کر بیٹھا ہوا ہے، یہ ایک ہی آدمی ہے ،بات کہہ کر مکر جاتا ہے، یہ اتنے بے بس ہیں اور چار حکومتیں ہیں ان کے پاس، آپ کی بے بسی لاجواب ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ میڈیکل بورڈ پنجاب نے کہا کوئی گولی نہیں لگی، آپ کی فارنزک رپورٹ، آپ کا میڈیکل بورڈ، پنجاب میں آپ کا وزیر اعلیٰ ہے، پنجاب حکومت آپ پر قاتلانہ حملہ کرنے والے کو پکڑ نہیں سکتی؟ کیا بے بسی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کے پی میں سی ٹی ڈی کرائے کی عمارت میں ہے، وزیر اعلیٰ کے پی زمان پارک کی غلامی کر رہا ہے، آئی ایم ایف پر دستخط کرتے ہوئے تو آپ بے بس نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اس ملک کا بیڑا غرق کیا ہے، اسے اپنے چار سال کے کالے کرتوتوں کا حساب دینا پڑے گا، وہ ایک ہی آدمی تھا جو جلسوں میں سائفر پر سیاست کرتا تھا، وزیر اعظم ہاؤس میں بیٹھ کر کہتا تھا سائفر سے کھیلو، اس آدمی کے اعمال ہیں جو روز اس کے سامنے آتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.