پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے پر حکومت سے سوالات پوچھ لیے، انہوں نے کہا کہ کیا حکومت نے ان پولیس اہلکاروں کے خاندان کو اعتماد میں لیا جن کے بچوں کے ابھی آنسو بھی خشک نہیں ہوئے یا جن پولیس والوں کے ابھی کفن بھی میلے نہیں ہوئے۔
حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ عوام سے جھوٹ بولنے کا نتیجہ ہے کہ عمران خان سے حکومت نہیں چل رہی، ملک میں گورننس کا بریک ڈاؤن لمحہ فکریہ ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں کو بدترین بے روزگاری کا سامنا ہے، سی پیک ملک کے لیے گیم چینجر تھا، اس کو ٹاپ گیئر سے نیوٹرل پر منتقل کردیا ہے، سی پیک کے ذریعے سکھر ملتان موٹر وے بنائی گئی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مہنگائی نے غریبوں سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا، مہنگائی کی وجہ سے متوسط طبقہ متاثر ہورہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ تھر کے کوئلے کو کارآمد بنانے کا کارنامہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا ہے، کراچی میں گرین لائن بس منصوبہ 2018 میں 90 فیصد مکمل ہوچکا تھا، نالائق حکومت نےکراچی گرین لائن منصوبےکو آگے نہیں بڑھایا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ سندھ کے ہر ووٹرز سے کہوں گا، پنجاب میں مسلم لیگ ن کا کام دیکھیں۔
Comments are closed.