مون سون کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں میں جہاں درختوں کے قریب کھڑے ہونے، باہر جانے اور بارش میں نہانے سے منع کیا جاتا ہے وہیں اب ماہرین نے اس دوران شاور لینے سے بھی منع کردیا ہے۔
جی ہاں، گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں کے دوران شاور لینا آپ کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
برطانوی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کے دوران شاور لیتے وقت بجلی کے جھٹکے لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
سائنسداں جیمز رالنگز (James Rawlings) کا کہنا ہے کہ اس دوران اگر بجلی کسی گھر پر گرتی ہے تو ممکنہ طور پر یہ پائپ لائنوں سے بھی گزرتی ہے اگر اس دوران آپ شاور لے رہے ہوں تو آپ کو بجلی کے جھٹکے لگ سکتے ہیں۔
اگرچہ اس کے امکانات بہت کم ہیں لیکن محتاط رہنا بہت ضروری ہےکیونکہ آسمانی بجلی منفی اور مثبت چارجز سے بھرپور ہوتی ہے ، اس توانائی کو کہیں نہ کہیں منتقل ہونا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب بجلی گرتی ہے تو توانائی کی منتقلی کے لیے کم سے کم مزاحم والا راستہ اختیار کرتی ہے یعنی ایسے کنڈکٹرز کا انتخاب کرتی ہے جو باآسانی ایک مقام سے دوسرے مقام پر بجلی کو منتقل کردے۔
اس دوران جب کوئی شاور لے رہا ہوتا ہے تو اس کے گرد دو کنڈکٹرز پانی اور دھات سے تیار کردہ پائپ لائن میں موجود ہوتے ہیں جو بجلی کی منتقلی کے عمل کو آسان اور فوری بنا دیتے ہیں۔
جیمز رالنگزکے مطابق برقی مادہ پانی اور دھاتی پائپ لائن سے گزر کر شاور یا ٹب میں آ سکتے ہیں جس سے آپ کو بجلی کے جھٹکے لگ سکتے ہیں۔
Comments are closed.