معروف بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کا ٹی 20ورلڈ کپ میں ہونے والےپاک بھارت میچ کےبارے میں کہنا ہے کہ کھیل دونوں ملکوں کو قریب لاتے ہیں۔
ثانیہ مرزا نے اپنی انسٹا اسٹوری پر آئی سی سی کے آفیشل انسٹا اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ شیئر کی ہے ، جس میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک، عماد وسیم اور قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم کو سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی سے مسکرا کر باتیں کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔
انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ’پاکستان اور بھارت کی ایک خوبصورت اور سچی کہانی ‘
ثانیہ مرزا نے مزید لکھا کہ ’ کھیل آپ کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں ، کبھی بھی تقسیم نہیں کرتے۔‘
واضح رہے کہ اتوار کی شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔
بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
Comments are closed.