وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کچے کے ڈاکو ایسے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں کہ ان کے خلاف آپریشن نہ کیا جائے، کچے کے ڈاکوؤں کا مقصد پولیس اور حکومت کو بدنام کرنا ہے۔
کندھ کوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیس اہلکار جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ہماری حفاظت کر رہے ہیں، بزدل ڈاکو 7 سے 9 سال کے بچوں کو اغوا کر رہے ہیں۔ بزدل ڈاکو شکست دیکھ کر ایسی حرکتیں کر رہے ہیں، ڈاکوؤں کا مقصد صرف دہشت پھیلانا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مانتا ہوں مسئلہ ہے لیکن اس وقت جیکب آباد کلیئر ہے، شکار پور بھی کلیئر ہے۔ کشمور کو بھی اگلے 10 دنوں میں کلیئر کر کے دیں گے۔ ڈاکوؤں کو جہنم رسید کر کے رہیں گے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ گھوٹکی کندھ کوٹ برج بنائیں گے اس سے فائدہ ہوگا، ایک اور برج بنانے کا بھی ارادہ ہے، پہلے یہ برج مکمل کریں گے۔ سیلاب متاثرین کو بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر گھر بنا کر دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ کچے میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کو الاؤنس دیا جائے گا۔ پولیس اہلکاروں کو جدید اسلحہ فراہم کیا جائے گا، کچے میں ڈاکوؤں کے خاتمے کےلیے ہر ممکن اقدامات کر ر ہے ہیں۔
Comments are closed.