پیر4؍ربیع الثانی 1444ھ31؍اکتوبر 2022ء

کوہلی کی ویڈیو لیک ہونے پر ہوٹل انتظامیہ کا موقف بھی آگیا

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے کے معاملے پر اب ہوٹل انتظامیہ کا موقف بھی سامنے آ گیا۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہوئی تھی جو سوشل میڈیا پر زیرگردش ہے۔ 

ویڈیو کو اپنے انسٹاگرام پر خود ویرات کوہلی نے بھی شیئر کیا اور اسے اپنے لیے تکلیف دہ لمحہ قرار دیا تھا۔ 

یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے تحریر کیا کہ ’یہ ویڈیو کافی خوفناک ہے اور اسے دیکھ کر مجھے اپنی راز داری کے بارے میں بہت بے چینی محسوس ہوئی‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اگر میں اپنے ہوٹل کے کمرے میں راز داری نہیں رکھ سکتا، تو پھر میں کہاں اپنی ذاتی جگہ کی توقع کرسکتا ہوں؟‘

ویرات کوہلی نے واضح کیا کہ ’مجھے اس قسم کی جنونیت اور ذاتی زندگی میں مداخلت پسند نہیں ہے، براہ کرم، لوگوں کی راز داری کا احترام کریں اور انہیں تفریح ​​کی چیز نہ سمجھیں۔‘

سابق بھارتی کپتان کے بیان کے بعد اب آسٹریلوی شہر پرتھ کے ہوٹل کراؤن ٹاورز کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے ویرات کوہلی سے معذرت کی۔

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ہوٹل روم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہوئی تو معروف شخصیات اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سامنے آگئے۔

ہوٹل انتظامیہ نے کہا کہ اس واقعے پر معذرت خواہ ہیں، واقعے میں ملوث ہوٹل ملازمین کو ہوٹل اکاؤنٹ سے ہٹادیا گیا ہے۔ 

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہوٹل نے واقعے کی جانچ کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں، جبکہ ویڈیو کو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ہٹادیا گیا ہے۔ 

ہوٹل انتظامیہ نے کہا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات تیسرے فریق سے کروائے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔ 

انتظامیہ نے یہ بھی کہا کہ وہ اس واقعے سے متعلق بھارتی کرکٹ ٹیم اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے تعاون کر رہے ہیں۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.