جمعرات 30؍ربیع الاول 1444ھ27؍اکتوبر 2022ء

کوہلی کی اننگز کی تعریفوں کے دوران ماضی کی یادگار اننگز کا بھی تذکرہ

پاکستان اور بھارت کا میچ دنیا بھر میں توجہ کا مرکز ہوتا ہے، دنیائے کرکٹ کے دونوں حریف جب آمنے سامنے ہوتے ہیں دنیا کی نظریں ان پر مرکوز ہوتی ہیں۔

گزشتہ اتوار کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دونوں حریف ایک بار پھر مدمقابل آئی تھیں، لیکن اس بار ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ نے سب کے دل جیت لیے، وہ ناقابل شکست 82 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کے ہیرو قرار پائے۔

ویرات کوہلی سے قبل اس طرح کی شاندار اننگز کھیلنے کا اعزاز جاوید میاں داد، سلیم ملک اور اظہر الدین بھی حاصل کر چکے ہیں۔

کرکٹ کے شائقین جاوید میاں داد کا وہ تاریخی چھکا نہیں بھول سکتے جو انہوں نے شارجہ کے گراؤنڈ میں لگایا تھا۔

جاوید میاں داد نے 1986 کے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف چھکا لگا کر پاکستان کو ایونٹ کا چیمپئن بنایا تھا۔

بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 246 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی ٹیم نے آخری اوور کی آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔

بھارت کے سابق کپتان اظہر الدین نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک تاریخی اننگ کھیلی تھی، انہوں صرف 62 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

اظہر الدین نے 1988 میں دوطرفہ ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا جب بھارت کے ہاتھوں سے میچ نکل گیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 279 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی آدھی ٹیم 133 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی لیکن اظہر الدین نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو فتح دلوائی تھی۔

پاکستان کے سابق کھلاڑی سلیم ملک کی بھارت کے خلاف کھیلی گئی اننگ بھی آج تک سب کو یاد ہے۔

سلیم ملک نے 1987 میں بھارت کے خلاف کھیلی گئی ایک روزہ سیریز میں 36 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

بھارت نے پاکستان کو 40 اوورز میں جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا جب سلیم ملک بیٹنگ کے لیے آئے تو پاکستان کو جیت کے لیے 8 اوورز میں 78 رنز درکار تھے اور سب کو لگ رہا تھا کہ بھارت میچ جیت جائے گا۔

سلیم ملک نے برق رقتار 78 رنز بنا کر ہاری بازی کو پاکستان کی جیت میں بدل دیا۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.