نیوزی لینڈ کے کرکٹر اور پاکستان جونیئر لیگ میں راولپنڈی رائڈرز کے مینٹور کولن منرو نے کہا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا بولنگ اٹیک بہت شاندار ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کولن منرو نے کہا کہ شاداب خان کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے، شاداب نے پی ایس ایل میں کر کے دکھایا ہے، وہ بیٹنگ میں مہارت ثابت کر چکے ہیں اور انہیں کیا کرنے کی ضرورت ہے۔
کولن منرو نے کہا کہ آصف علی کو ابھی ٹائم دیں ہر بیٹر کو ٹائم چاہیے ہوتا ہے۔
جارح مزاج بیٹر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کو ورلڈ کپ میں کچھ کر کے دکھانا ہو گا، وہ ورلڈ کلاس کرکٹرز ہیں، کیویز کو مقابلے سے باہر نہیں رکھا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مارٹن گپٹل کو سہ ملکی سیریز کے تمام میچز نہ کھلانے کا افسوس ہے، نیوزی لینڈ ٹیم کو اپنا توازن بہتر کرنا ہے جبکہ پاکستان ٹیم اچھی لگ رہی ہے، بابر اعظم کے ٹاپ آرڈر پر کھیلنے پر باتیں ہو رہی ہیں لیکن وہ اس پوزیشن پر اچھا کھیل رہے ہیں۔
راولپنڈی رائڈرز کے مینٹور کولن منرو نے کہا کہ پی جے ایل کے لیے آنا اچھا لگ رہا ہے، ٹیلنٹ کو دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، سب مینٹورز اور کھلاڑی ایک ہی جگہ رہتے ہیں، ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، پاکستان کو ہمیشہ اچھا ٹیلنٹ ملا ہے محمد حسنین اور نسیم شاہ اس کی مثال ہیں، نسیم کو تو ابھی پی جے ایل میں ہونا چاہیے وہ تو انیس بیس سال کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی جے ایل کے کھلاڑی پی ایس ایل کے ایمرجنگ پلیئرز ثابت ہوں گے یہ کرکٹرز اپنا ٹیلنٹ دکھا کر آگے بڑھیں گے، پی جے ایل کے کرکٹرز کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جہاں پی ایس ایل کے میچز ہوتے ہیں۔
Comments are closed.