سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان نے 2 وکٹوں پر 145 رنز بنالیے۔ ہوم ٹیم کی برتری ختم کرنے میں 21 رنز باقی ہیں۔
عبداللّٰہ شفیق 74 اور کپتان 8 رنز کے ساتھ دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔
شان مسعود 51 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ امام الحق صرف 6 رنز کے مہمان ٹھہرے۔ اسیتھا فرنینڈو نے دونوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 166 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 57 اور دنیش چندیمل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی۔
ہوم ٹیم کی پہلی وکٹ 9 رنز پر گری تھی جب نشان مدھوشکا 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ 23 رنز پر گری، شاہین شاہ آفریدی نے کوشل مینڈس کو 6 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔
سری لنکا کے تیسرے کھلاڑی 36 رنز کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، نسیم شاہ نے اینجلو میتھیوز کو 9 رنز پر آؤٹ کیا اور ہوم ٹیم کی چوتھی وکٹ بھی 36 رنز پر گری، نسیم شاہ نے سری لنکا کے کپتان کو 17 رنز پر پویلین چلتا کیا۔
میزبان ٹیم کی پانچویں وکٹ 121 رنز پر گری، دنیش چندیمل کو بھی نسیم شاہ نے 34 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ سری لنکا کی چھٹی وکٹ ابرار احمد کے حصے میں آئی، انہوں نے سدیرا سماراوکرما کو صفر پر پویلین روانہ کیا۔
ابرار احمد نے سری لنکا کے ساتویں کھلاڑی کو 133 رنز کے مجموعے پر آؤٹ کیا، دھننجایا ڈی سلوا 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میزبان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 136 رنز پر گری، جب پراباتھ جےسوریا 1 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
ہوم سائیڈ کی نویں وکٹ 163 رنز پر گری جبکہ سری لنکا کا آخری کھلاڑی 166 رنز پر آؤٹ ہوا، یہ دونوں وکٹیں بھی ابرار احمد کے حصے میں آئیں۔
سری لنکا کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کافی پریکٹس کی ہے، پرفارمنس برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
سری لنکا کے کپتان کا کہنا ہے کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، دو فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
پاکستان کی ٹیم میں امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، آغا سلمان، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
Comments are closed.